بھٹکل یکم اکتوبر (ایس او نیوز) بھٹکل سے بینگلور کے لئے اب نئی بس سروس کی شروعات کی گئی ہے جس میں سفر کے دوران فجر کی نماز پڑھنے کی سہولت رہے گی۔ لیکن اس کے لئے مسافروں کے لئے ضروری ہوگا کہ وہ بس پرسوار ہوتے ہی ڈرائیور کو خبر دیں کہ اُسے فجر کی نماز پڑھنی ہے لہٰذا فجر کے وقت کسی مسجد کے باہر بس کو روکے۔
گرین لائین ٹراویلس نامی اس بس کو بھٹکل جالی پنچایت کے کونسلر اور سماجی کارکن آفتاب دامودی نے شروع کیا ہے، بینگلور سے بھٹکل کے لئے آج یکم اکتوبر سے بس سروس شروع ہوچکی ہے، کل 2۔ اکتوبر سے یہ بس بھٹکل سے بینگلور کے لئے روانہ ہوگی۔
آفتاب نے بتایا کہ بھٹکل کے اکثر لوگوں کو شکایت رہتی ہے کہ انہیں سفر کے دوران فجر کی نماز کے لئے پریشانی ہوتی ہے اور زیادہ تر لوگوں کی فجر کی نماز قضا ہوجاتی ہے، اس بات کو محسوس کرتے ہوئے ہم نے اپنے ڈرائیوروں کو ہدایت دی ہے کہ اگر کوئی نماز پڑھنے والا مسافر بس پر سوار ہوتا ہے تو فجر کی نماز کے لئے بس کو مسجد کے باہر رُکایا جائے اور نمازیوں کو فجر کی نماز پڑھنے کی سہولت دی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ بھٹکل سے یہ بس رات ٹھیک 8:45 بجے معروف مقام "وائی بھاو" اسٹاپ سے نکلے گی، ہوناور، گیرسوپا اور ساگر ہوتے ہوئے اگلے دن صبح بینگلور پہنچے گی۔ اگر کسی کو فجر کی نماز پڑھنی ہے تو ٹمکور پہنچنے کے بعد مسافر کسی مسجد میں فجر کی نماز پڑھ سکیں گے، اسی طرح واپسی میں ساگر پہنچنے کے بعد مسافروں کے لئے فجر کی نماز پڑھنے بس رُک سکتی ہے۔
گرین لائن ٹراویلس پر مناسب چارجس پر پارسل روانہ کرنے کی بھی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
آفتاب دامودی نے بتایا کہ بس کی بیڈ شیٹس اور پِلو کوور کو ہرروز بدلا جائے گا اور مسافروں کے لئے آرام دہ سفر فراہم کرنے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی۔
مزید تفصیلات کے لئے 9535585584 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ جبکہ بس کے ویب سائٹ :http://greenlinetravels.net پر جاکر اپنی سیٹ بُک کروائی جاسکتی ہے۔
